سندھ اور بلوچستان میں ڈیلے ایکشن ڈیم اورآبی ذخائربنانے کی ضرورت ہے، صدر علوی

ملتان (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں ڈیلے ایکشن ڈیم اورآبی ذخائربنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیلابی پانی کو ذخیرہ کیاجاسکے اوربوقت ضرورت استعمال میں لایاجاسکے۔جمعرات کی صبح ڈیرہ غازی خان میں فلڈریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پرمتاثرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فصلوں کی انشورنس کوفروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ سیلاب یا دیگر قدرتی آفات کی وجہ سے کسانوں کے نقصان کاازالہ ہوسکے،فصلوں کی انشورنس سے نہ صرف ایسی آفات میں کسانوں کانقصان پوراکیاجاسکے گابلکہ عام حالات میں فصل خراب ہونے کی صورت میں بھی انہیں ادائیگی ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کی رودکوہیوں میں غیرمعمولی پانی آیاجس نے انسانوں، مویشیوں،عمارتوں اور انفراسٹرکچرکوبہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ سیلاب سے ملک بھر میں تباہی ہوئی اور تمام صوبے اس صورتحال سے یکساں متاثرہوئے ہیں۔صدر عارف علوی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی خیریت دریافت کی اورکہاکہ انتظامیہ آپ کی دیکھ بھال کررہی ہے اور حکومت کو آپ سے لاتعلق نہیں اور اسے آپ کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ اس موقع پرمتاثرین نے صدر مملکت کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بوائے سکاؤٹس اورگرلزگائیڈزتنظیموں کوفعال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں حکومت،فوج اورعوام کی مدد سے ایسی آفات کامقابلہ کرسکیں۔در عارف علوی نے سیلاب متاثرین سے کہاکہ پہلے مرحلے میں ہمارے لیے انسانی جانیں بچانا زیادہ اہم تھا سوانتظامیہ نے بھرپوراندازمیں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کرنے کاکام کیا۔اس کے بعد اب ہم بحالی کاعمل شروع کررہے ہیں۔صدر ڈاکٹرعارف علوی نے انتظامیہ کوہدایت کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں متوقع وبائی امراض سے بچنے کے لئے پیشگی انتظامات کئے جائیں۔