اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن الثانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے سفیر کو خوش آمدید کہا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور قطر خطے کی ترقی و خوشحالی کا مشترکہ ویژن رکھتے ہیں۔تجارتی، سفارتی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے قطر کے سفیر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی و معاشی ترقی کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی اور قطر میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ہماری خواہش ہے کہ تجارتی، ثقافتی و کثیر الجہتی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے۔ ملاقات میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور معاشی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن الثانی نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر افسوس اور پاکستان سے مکمل یک جہتی کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امدادی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے، بین الاقوامی برادری اور خصوصاً قطر کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اور دیگر دوسرے صوبوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔تمام ادارے مشکلات کے باوجود ریلیف کے کاموں میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔
Load/Hide Comments



