اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختوانخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران صوبے کے لیے 10 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد کانجو میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے بہت نقصان ہوا ہے، جگہ جگہ سڑکیں بہہ گئیں، پل تباہ ہوگئے، حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں اور افواج پاکستان کے ساتھ مل کر امدادی اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایم اے، تمام سیاسی منتخب نمائندے اور انتظامیہ امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں ہزاروں سیاح پھنسے ہوئے ہیں جبکہ افواج پاکستان ان کے محفوظ انخلا کے لیے کام کر رہی ہے، کل شام تک تمام سیاحوں کا انخلا مکمل ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ہلاکت خیز سیلاب کے دوران ہزار سے زیادہ لوگ جاں بحق ہوگئے، ہزاروں لوگ زخمی ہیں، لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے، تیار فصلیں تباہ ہوگئیں، سندھ میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی چاو، کپاس کی فصلیں تباہ ہوگئیں، کجھور کے باغات برباد ہوگئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بہت نقصان ہوا، 7 لاکھ جانور پانی میں بہہ گئے جب کہ لاکھوں لوگ اس وقت کھلے آسمان تلے ہیں، ان کے گھر تباہ ہوچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی دعاؤں اور کاوشوں سے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائی گئی ہیں، ان امدادی کارروائیوں میں شامل تمام اداروں کو خاص طور پر افواج پاکستان کو خرج تحسین پیش کرتا ہوں جن کے افسران اور جوان خود امدادی کاموں میں مصروف ہیں، گزشتہ روز سپہ سالا جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سوات کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
Load/Hide Comments



