اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے ن لیگ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو آج(جمعرات) کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ وزیراعظم سیلاب متاثرین کی امداد کو بروقت یقینی بنانے کے لیے لیگی ارکان کو متحرک کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے ارکان سینٹ،قومی و صوبائی اسمبلی کو اسلام آباد طلب کر لیا، شہباز شریف نے اہم پارٹی عہدیداروں اور رہنماوں کو بھی اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں سیلاب متاثرین کی امداد اور انکی بحالی کے معاملات زیر غور آئیں گے،اور شہباز شریف سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کے لیے لیگی ارکان سے مشاورت اور تجاویز طلب کریں گے۔پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف لیگی ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کو سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے خصوصی ٹاسک بھی سونپیں گے،پارٹی قائد میاں نواز شریف کی ہدایت کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لیگی ارکان اسمبلیوں سے سیلاب متاثرین کے لیے عطیات دینے کی درخواست کریں گے اور ارکان اسمبلی کو سیلاب متاثرین کی لیے فنڈ ریزنگ کی بھی ہدایت کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں لیگی ارکان اسمبلی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تجاویز بھی پیش کریں گے۔
Load/Hide Comments



