5 ارب اکٹھا کرنے پر حکومت نے ہماری فارن فنڈنگ دیکھ لی ہو گی: عمران خان

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 5 ارب اکٹھا کرنے پر حکومت نے ہماری فارن فنڈنگ دیکھ لی ہو گی، اگر آئندہ ہماری حکومت آتی ہے تو ایسے اقدامات لیں گے جو پہلے نہیں لیے گئے،ہم نے عام آدمی کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، سیلاب کے بعد آنے والے دنوں میں مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے ہی دن اسمبلی میں مجھے تقریرنہیں کرنے دی، پہلے دن سے مجھے این آراوکے لیے بلیک میل کرتے رہے، میری حکومت میں عدم استحکام پیدا کر کے پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دیا گیا، سازشیں ہو رہی تھیں مجھے ساری رپورٹس مل رہی تھیں، نوازشریف کا بیٹا پہلے اور پھر نوازشریف بیان حلفی دے کر بھاگ گیا، کورونا آیا تو شہبازشریف لندن سے بھاگا بھاگا آیا، شہباز شریف منہ پر ماسک لگا کر ایسے بیٹھا جیسے اسپیشلسٹ تھا۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے خلاف کیس اوپن اینڈ شیٹ کیس تھا، ان کا خیال تھا کہ کورونا میں معیشت تباہ اور ہسپتال بھر جائیں گے، کورونا کے دوران ن لیگ نے سیاست کی کوشش کی، شاہد خاقان نے کہا شہبازشریف نے ڈینگی میں بڑا اچھا کام کیا، اسے وزیراعظم بناؤ، ہماری حکومت نے اقتدارمیں آتے ہی ایکسپورٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا، 3 گھنٹے کے اندرانہوں نے رات کو میری ساڑھے 5 ارب کی فنڈنگ دیکھ لی ہو گی کہ فنڈنگ کیسے آتی ہے، اوورسیزپاکستانی بہت بڑا اثاثہ ہیں، ہمارے دور میں 31 ارب ڈالر اوور سیز پاکستانیوں نے بھیجے۔