شوکت ترین سمیت عمران خان کی ٹیم نے 4 سال پاکستان کی معیشت تباہ کی،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (آ ن لائن)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے آڈیو لیکس کو پاکستان کی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کا ثبوت قرار دے دیا۔منگل کے روز میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان اور تمام سازشی کرداروں کو جواب دینا پڑے گا،یہ سازش عمران خان سے شروع ہو کر وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تک آتی ہے،یہ ٹولہ 4 ماہ سے جاری محنت کو سبوتاڑ کرنے کی سازش کر رہا تھا اور خط کا مقصد تھا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام منظور نہ ہوسکے،ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے شوکت ترین جیسے آدمی بھی اس میں ملوث ہیں جسے پاکستان نے بہت کچھ دیا اور عوام کے سامنے باتیں رکھنا پڑیں گے کہ انہوں نے اقتدار میں کیا کیا۔آج آئی ایم ایف نے ساتویں اور آٹھویں جائزے کی منظوری دی اور آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ پروگرام بحال ہو گیا ہے، شوکت ترین سمیت عمران خان کی ٹیم نے 4 سال پاکستان کی معیشت تباہ کی،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں مفتاح اسماعیل اورٹیم نے معیشت کو دوبارہ پٹری پر ڈالا ہے۔ خط کب لکھنا ہے، کیسے لکھنا ہے، کب بھیجنا ہے، اس کے ملک پر کیا اثرات ہوں گے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب سے یہ خط نہیں آیا،خط کا صرف ایک مقصد تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام منظور نہ ہوسکے،یہ ملکی معیشت کو تباہ کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی گھناؤنی سازش تھی،پریس کانفرنس اور سیمینارز اب ہوں گے جن میں سازشی کرداروں کو جواب دینا پڑے گا،شوکت ترین سمیت عمران خان کی ٹیم نے چار سال پاکستان کی معیشت تباہ کی،اس معاشی تباہی کی قیمت پوری قوم ادا کر رہی ہے.