وزیر اعظم کو ایران،ترکی اور یواے ای کے صدور کے ٹیلی فون،پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار،قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہر ممکن مدد کی پیشکش

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگسے انسانی جانوں، ذریعہ معاش، مویشیوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے،اقوام متحدہ کی فلیش اپیل 30 اگست 2022 کو جاری کی جائے گی،امید ہے عالمی برادری فلیش اپیل کی فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں کردار ادا کرے گی۔تفصیل کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ہفتہ کے روز ٹیلی فون پرگفتگو کی ہے۔وزیراعظم نے ملک میں سیلاب کی صورتحال پر صدر رئیسی کی ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جون 2022 کے وسط سے شدید مون سون موسم برداشت کر رہا ہے، بہت سے علاقوں میں 4-5 گنا اور اس سے بھی زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ اس نے بڑے پیمانے پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے انسانی جانوں، ذریعہ معاش، مویشیوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ سڑکوں اور پلوں سمیت بنیادی ڈھانچے پر شدید اثرات سے انسانی صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے، جو لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے اور امداد کی ترسیل دونوں میں رکاوٹ ہے۔اس سلسلے میں حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان نے “اقوام متحدہ کی فلیش اپیل” تیار کی ہے جو 30 اگست 2022 کو جاری کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری فلیش اپیل کی فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں کردار ادا کرے گی۔ دوطرفہ تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایران کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور تمام شعبوں میں امداد میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی ٹیلی فون کیا۔وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کہا کہ باوجود اس کے کہ بارش سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، حکومت متاثرہ علاقوں تک پہنچنے اور لوگوں کو ان کی نقل مکانی اور امداد کی ترسیل میں مدد کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔