ایشیا کپ 2022 میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین آج(اتوار کو ) ہائی وولٹیج ٹاکرے سے قبل دونوں کپتانوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات اور مسکراہٹوں کے تبادلہ کررہے ہیں ۔تفصیل کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2022 کے کل کے اہم میچ سے قبل ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں اسٹار بلے باز اسٹیڈیم میں موجود ہیں اور خوش گپیوں میں مصروف ہیں۔بابراعظم اور روہت شرما کو مسکراہٹوں کا تبادلہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے تاہم دونوں آپس میں کیا بات کر رہے ہیں واضح نہیں ہورہا ہے لیکن انہیں کہیں اردو میں بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔پی سی بی نے اس سے قبل بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بھارتی کھلاڑی قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے تھے۔بھارتی ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے شاہین آفریدی سے ان کی انجری کے بارے میں پوچھا تو شاہین نے بھی ان کی فارم میں جلد واپسی کے لیے دعا کی۔ اس کے علاوہ بھارت کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی گراؤنڈ میں موجود شاہین آفریدی سے ملاقات کی اور ان سے انجری کے باریمیں دریافت کیا، جن میں لیگ اسپنر یوزویندر سنگھ چاہل بھی شامل تھے۔اس موقع پر سری لنکا کے کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کے مختلف کھلاڑیوں سے ملاقات بھی دکھائی گئی جہاں وہ آپس میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2022 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا بڑا مقابلہ آج دبئی میں ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام کو 7 بجے شروع ہوگا۔
Load/Hide Comments



