صدرمملکت کی قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل

اسلام آباد(آن لائن)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کردی۔صدرمملکت کا کہنا ہے کہ پوری قوم، سمندر پار پاکستانی اور عالمی برادری سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے، سیلاب متاثریں کو بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے، پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا اسی طرح ایک بار پھر قوم امدادی کوششوں میں دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالے، تمام حکومتیں، ادارے، این جی اوز اور رضاکار متاثرین کو پناہ، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد کریں، میڈیا بھی قوم کو رقم اور ضروری اشیاء عطیہ کرنے کی ترغیب دے، تاریخی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا، سڑکیں، پل، بند، مواصلاتی نظام اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی برادری متعلقہ حکومتی اداروں کو اپنی مہارت، ٹیکنالوجی اور درکار مشینری فراہم کرے، ماضی کی طرح قوم ایک بار پھر سیلاب متاثرین کی مدد کو آئے گی، مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔