لاہور (آن لائن) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ نااہل پی ڈی ایم ٹولہ ملکی معیشت کیساتھ کھلواڑ اور مخالفین کیخلاف من گھڑت الزامات لگا رہا ہے۔ ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ (ن)لیگی پراپیگنڈا سیل 24 گھنٹے پنجاب حکومت عمران خان اور اداروں کے درمیان اختلافات کی سازش کر رہا ہے۔شوباز حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے نت نئے شوشے اور پراپیگنڈا چھوڑ رہی ہے۔عمران خان اور پنجاب حکومت کے درمیان اختلافات کی باتیں من گھڑت ہیں۔عمران خان کو تمام تر حکومتی اقدامات سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آئی جی جیل خانہ جات کو احکامات کی خبر من گھڑت اور پراپیگنڈا ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے وفاقی حکومت کی ایما پرشہباز گل پر بدترین تشدد کیا۔شہباز گل پر غیر انسانی سلوک, ذہنی اور جسمانی تشدد کیا گیا۔عدالت کے احکامات پر شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا گیا۔شہباز گل سے ایسے بیانات لینے کی کوشش کی جارہی ہے جس میں دیگر پی ٹی اٹی کی قیادت کو ملوث کیا جاسکے۔اگر کسی سے غلطی ہوئی تو اسکا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔سسلین مافیا کی حکومت ملک اور جمہوریت کے لیے شدید خطرہ ہے۔پی ڈی ایم کی کوشش ہے پی ٹی آئی کو اداروں کے سامنے کھڑا کیا جائے یہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ہم نہیں چاہتے کسی ایسی سازش کا حصہ بنیں جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے۔امپورٹڈ حکومت ملک کو اس حد تک لے جانا چاہتی ہے کہ ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا رہے۔عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ایک طرف سسلین مافیا کی حکومت ہے جو معیشت اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت جو صوبے کے عوام کی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ضمنی انتخابات کی طرح آئندہ الیکشن میں بھی عوام اس مافیا کا محاسبہ کرے گی۔انکا کہنا تھا کہ شہباز گل کو نیم بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اب انکی حالت بہتر ہے۔
Load/Hide Comments



