پی ٹی آئی سینیٹرز کی جیل میں شہباز گل سے ملاقات، تشدد پر اظہار تشویش

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شہزاد وسیم کی زیر قیادت 7 رکنی وفد نے اڈیالہ جیل جا کر عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 7 رکنی وفد میں سینیٹر شہزاد وسیم کے علاوہ سینیٹر سیف اللہ نیازی، سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹرعبدالقادر، سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور سینیٹر سردار گْردیپ سنگھ شامل تھے۔اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کے وفد نے شہباز گل سے ملاقات میں ان کی خیریت دریافت کی اور ان پر ہونے والے تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔وفد کے اراکین اس ملاقات کے حوالے سے تمام تر صورت حال سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک انٹرویو میں شہباز گل کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنائے جانیکا الزام عائد کیا تھا۔