لاہور (آن لائن) پاکستان کے75 ویں یوم آزادی کیلئے ملک بھر میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، وطن عزیز کا 75 واں یوم آزادی کل (بروز اتوار) 14 اگست کو ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، یوم آزادی کے موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، دن کا آغاز ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن بنانے کے لیے ان کی انتھک کوششوں پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔حکومتی، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے۔ ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ دوسری جانب گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا۔ اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے۔تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے ساؤنڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے۔جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
Load/Hide Comments



