ملکی اداروں کو بدنام اور ریاست مخالف سازشیں کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،مصدق ملک

اسلام آباد (آن لائن)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ ملکی اداروں کو بدنام اور ریاست کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،عمران خان کو اپنے علاوہ ملک میں سب غدار لگتے ہیں خان صاحب یہ روش ختم کریں اور ملک کی ترقی کا سوچیں۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ عمران خان جب قوم سے خطاب کر رہے تھے تو میں سمجھا کہ خان صاحب کوئی ملک کے مفاد میں بات کریں گے مگر خان صاحب نے اس بار بھی سازش کا ذکر کیا، یہ موصوف کونسی سازش کا ذکر کر رہے ہیں خان صاحب کو کب یقین آئے گا کہ ہم آزاد ہیں آپ تو نیوٹرل امپائر کو تسلیم کرتے تھے، آج جب وہ نیوٹرل ہوئے تو کیوں ناراض ہو، مصدق ملک نے کہا کہ تمام ادارے کیا سازشی ہیں؟ صرف عارف نقوی محب وطن ہیں سب جانتے ہیں کہ عارف نقوی چوری چکاری میں دنیا میں نمایاں مقام رکھتا ہے انہوں نے کہاکہ خان صاحب کا دوسرا دوست ملک ریاض ہے جو انگلستان کا مجرم ہے خان صاحب نے 450 کنال زمین ملک ریاض سے لے لی، کیا یہ دونوں اشخاص پاکستان کا مستقبل ہیں کیا آپکو یہ چوری نہیں نظر آئی انہوں نے کہاکہ 3 لاکھ پاؤنڈ عارف نقوی سے لیے گئے عارف نقوی جب کے الیکٹرک کا مالک تھا تو خان صاحب نے اسے نوازاآپ نے عارف نقوی کو 3 ارب روپے معاف کر دیے اور ملک میں بجلی کے کوٹے کو غلط استعمال کیا اور عارف نقوی کو فائیدہ پہنچایا انہوں نے کہاکہ معران خان کہتے ہیں کہ ہمیں فوج سے لڑایا جا رہا ہے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلائے کیا وہ ہمارے کارکنان تھے شہیدوں کے خلاف باتیں کیا ہم نے کیں مصدق ملک نے مزید کہا کہ آپ نے سوگواران کے ساتھ زیادتی کی آپکے چیف آف اسٹاف نے بھی پاک فوج کے خلاف زبان درازی کی خان صاحب اگر آپکا کہنا فوج مان لے تو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کون کرے گا، کم از کم پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر تو خان صاحب رحم کر لیتے،عمران خان نے آج بھی شہباز گل کے بیان کی تردید نہیں کی، وہ ایسے بیانات کی سپورٹ کر رہے ہیں، عمران خان نے سقوط ڈھاکہ پر بھی ایسے ہی زبان چلائی، آپ نے اقوام متحدہ جا کر اپنی ہی ریاست پر الزام لگایا، ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ملک ریاض کے جہازوں پر بیٹھ کر مودی سے ملیں تو تب بھی آپ ٹھیک اور ہم غدار، آپ کشمیر کو بیچ کر آئیں تب بھی ہم غدار اور آپ وفادار، آپ مودی کو روز فون کرتے رہے مگر اس نے کال نہیں اٹھائی.