اس سال پاکستان،یورپی یونین تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کو زبردست اندازسے منایا جانا چاہیے،پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں یورپی یونین کی نئی تعینات ہونیوالی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی ہے۔ا س موقع پر وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کے ساتھ ساتھ یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ اپنے تاریخی قریبی اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مشیل اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کے پارلیمانی وفود کے پاکستان کے آئندہ دوروں اوریورپی یونین پاکستان سٹرٹیجک مذاکراتی پلان کے تحت سیاسی اور سیکورٹی ڈائیلاگ کے آئندہ ادوار سے فریقین کے درمیان مزید پائیدارتعاون کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے موجودہ جی ایس پی پلس اسکیم کو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی فائدہ مند تجارتی تعلقات کو بڑھانے کا کریڈٹ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان 2023کے بعد بھی اس کا حصہ بنے گا۔وزیر اعظم نے بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مسلسل اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس سال پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اس سنگ میل کو فریقین کو احسن طریقے سے منایا جانا چاہیے۔وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا اور ساتھ ہی اس بے مثال تعاون کو بھی اجاگر کیا جو پاکستان نے خاص طور پر گزشتہ سال اگست کی پیش رفت کے بعد افغانستان کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کو فراہم کیا ہے ۔ڈاکٹر رینا کیونکا نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد میں اپنے دور میں یورپی یونین پاکستان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Load/Hide Comments



