حقیقی آزادی کے آخری مرحلے پر پہنچ چکے، حکومت خوف و دہشت کے سہارے قبولیت حاصل کرنا چاہتی ہے،عمران خان

اسلام آباد (آن لائن ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے آخری مرحلے پر پہنچ چکے ہیں،حکومت خوف و دہشت کے سہارے قبولیت حاصل کرنا چاہتی ہے،ایک خودار قوم کے لئے سب کو دعوت دے رہا ہوں لاہور کے جلسے میں آئیں، ہم نے پاکستان کو وہ ملک بنانا ہے جو سوائے اللہ کے کسی کے آگے نہیں جھکتا۔ 13 اگست کے جلسے سے متعلق عوام کے نام ویڈیو پیغام میں عمران خان نے خصوصی طور پر فیملیز کو شرکت کی دعوت دی عمران خان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کی رات آپ کو لاہور ہاکی سٹیڈیم آنے کی دعوت دیتا ہوں۔سب نے آنا ہے، فیملیز بچے، بزرگ اور خاص طور پر نوجوان جلسے میں آئیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے چودہ اگست کا جشن بھی منانا ہے اور حقیقی آزادی کے سفر پر بھی جانا ہے۔ہم حقیقی آزادی کے آخری مرحلے پر پہنچ چکے ہیں۔ایک خودار قوم کے لئے ہم سب کو دعوت دے رہا ہوں کہ ہم نے پاکستان کو وہ ملک بنانا ہے جو سوائے اللہ کے کسی کے آگے نہیں جھکتا۔عمران خان نے کہا کہ ہم جشن منائیں گے اور طے کریں گے کہ اپنے نظریے پر کیسے پہنچنا ہے۔ دریں اثناء سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ایک ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا غیر ملکی سازش سے مسلط کی گئی امپورٹڈ حکومت پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد قبولیت حاصل کرنے کے لیے میڈیا اور عوام میں خوف اور دہشت کا سہارا لے رہی ہے لیکن یہ صرف ملک کو مزید غیر مستحکم کرنے ہی میں کامیاب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واحد حل شفاف اور آزاد انتخابات ہیں۔ عمران خان نے شہباز گل کے اسسٹنٹ اظہار کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ فاشسٹ حکومت کی جانب سے اغوا کییجانے کا اقدام غیر قانونی ہے۔ اظہار یوسف کی اہلیہ جو خواتین تھانے میں قید ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اب کسی کے کوئی بنیادی حقوق نہیں رہے؟۔