پاکستان چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت جاری رکھے گا، صادق سنجرانی

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ’ون چائنا‘ پالیسی کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں صادق سنجرانی نے کہا پاکستان چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کو تائیوان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس مسئلے سے علاقائی امن اور استحکام شدید متاثر ہوگا، چیئرمین سینیٹ نے کہا دنیا پہلے ہی تنازعات کی وجہ سے سیکیورٹی کی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ یوکرین میں جاری تنازع کے بعد دنیا ایک اور بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی جس کے عالمی امن، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا یہاں کی پارلیمان اور پاکستانی عوام اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ بین ریاستی تعلقات باہمی احترام، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسائل کے پرامن حل پر مبنی ہونے چاہئیں .