اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے ایک اور شرارت کرتے ہوے پاکستانی یوم آزادی 14 اگست کو بطور “ہولناک تقسیم کا یادگاری دن” منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور پاکستان کی 14 اگست کو ہولناک تقسیم کا یادگاری دن قرار دینے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا بھارتی حکومت کا 14 اگست کو ’ہولناک تقسیم کا یادگاری دن‘ منانے کا شرارتی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی حکومت منافقانہ، یکطرفہ طور پر 1947ء کے المناک واقعات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ جبکہ بی جے پی حکومت کا سیاسی ایجنڈا منقسم، انتہائی افسوسناک ہے۔ ترجمان نے کہا بھارتی حکومت اپنے منقسم سیاسی ایجنڈے سے تاریخ مسخ کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا بھارتیہ جنتا پارٹی تاریخ کی مسخ شدہ تشریح سے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا ہندوستانی قیادت کو درحقیقت اذیت، تکلیف کا ادراک ہے تو بھارتی مسلمانوں، دیگر اقلیتوں کے حالات بہتر کرے۔ انہو ں نے کہا ہندوستانی تاریخ کی گزشتہ سات دہائیاں ناقابل تردید ثبوتوں سے بھری پڑی ہیں۔ ترجمان نے کہا تاریخ نے ثابت کیا کہ ہندوستان کی سیکولرازم کی حمایت ایک دھوکہ تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ آج کا ہندوستان ایک غیر اعلانیہ ’ہندو راشٹرا‘ ہے۔ ایسا ہندوستان جہاں دیگر مذہبی اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ یا رواداری نہیں۔ ترجمان نے کہا بھارتی مسلم آبادی کو امتیازی سلوک، ظلم و ستم کا سامنا، سیاسی و سماجی طور پر علیحدہ کر دیا گیا۔ ترجمان نے کہا بھارتی حکومت آزادی سے متعلق واقعات پر سیاست کرنے سے باز رہے۔ اور ان لوگوں کی یادوں کا مخلصانہ احترام کرے جنہوں نے بہتر مستقبل کے لیے قربانیاں دیں۔
Load/Hide Comments



