وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں احساس راشن رعایت پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دیدی

لاہور(آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں احساس راشن رعایت پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے کی بجائے 1500روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس راشن رعایت پروگرام،احساس کارڈاوراحساس تحفظ پروگرام کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد،ڈاکٹر ثانیہ نشتر،مشیرعمر سرفراز چیمہ،رکن قومی اسمبلی مونس الہی،سابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سلمان غنی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو آٹا،دالیں اورگھی سستے داموں ملے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے احساس راشن رعایت پروگرام پر عملدر آمد کیلئے وزارتی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ سٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر ہوں گی۔ پرویز الہی نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے حوالے سے ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا۔ احساس راشن رعایت پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ نظام تشکیل دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کااحساس پروگراموں کے لئے احساس ایکٹ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احساس ایکٹ کو اسمبلی سے منظورکرائیں گے۔انہوں نے سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجاکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اورتمام پروگراموں کو یکجاکیاجائے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ احساس ہی انسانیت ہے- سماجی اورمعاشرتی تحفظ سے محروم افراد فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہے۔