کراچی(آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی ورکرز اور بالخصوص نوجوان نسل کواپیل کی ہے کہ وہ عمران خان کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ عمران خان کا ایجنڈا ملک میں صرف انتشار پھیلانا ہے۔ یہ شخص اپنے ورکرز کو بدتہذیبی پر اکسانے اور ورغلانے میں مصروف ہے۔ اپنے جاری بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سانحہ پر نہ صرف شہیدوں کے ورثاء بلکہ پوری قوم افسردہ اور غمزدہ ہے۔ سانحہ کے بعد عمران خان کی جماعت نے جس طرح کی غیر اخلاقی مہم چلائی شہداء کے ورثاء اور قوم کی دل آزاری ہوئی ہے۔ پوری قوم میں عمران خان کے لئے نفرت بھڑ گئی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کے معاملے پر عمران خان اپنی حرکتوں سے باز آئیں، ورنہ پاکستان کے غیرت مند عوام کے ہاتھ عمران خان کے گریبان میں ہوں گے اور عوام انہیں بنی گالا سے باہر نکلنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوان نسل اور اپنے ورکروں کو غلط راہ پر لے کر جا رہے ہیں۔عمران خان اقتدار کی حوس میں نوجوانوں اور اپنے ورکروں کو نفرت کی آگ میں دھکیل رہے ہیں۔جس کے نتائج ملک کے لئے بھیانک ثابت ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی غلط طرز سیاست کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سزائیں لگ گئیں اور جیل چلے گئے۔ 6 پاکستانی اپنے خاندانوں کے کفیل تھے، اس واقعہ کا ذمہ دار کوئی اور نہیں، صرف عمران خان ہے۔
Load/Hide Comments



