پی ٹی آئی اراکین کے استعفے موصو ل نہیں ہوئے لہذا منظوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کے سابق ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اراکین کے استعفے موصول نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ سے ان کی منظوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کی طر ف سے جاری بیان کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی طرف سے یہ کہنا کہ الیکشن کمیشن نے ان کے استعفے منظور نہیں کئے حقائق کے برعکس گمراہ کن بیان ہے۔ سابقہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی طرف سے الیکشن کمیشن کو ایک بھی استعفی موصول نہیں ہوا تاہم موجودہ سپیکر کی طرف سے 11 ممبران قومی اسمبلی کے استعفے موصول ہوئے جن کو ضابطہ کے تحت منظور کرکے الیکشن شیڈیول جاری کر دیا گیا کیونکہ آئین کے مطابق کمیشن 60 دن کے اندر ان نشستوں پر الیکشن کرانے کا پابند ہے۔ اسپیکر کی جانب سے جب بھیاستعفی موصول ہو گا اس پر قانون اور ضابطے کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ اگر سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے استعفی موصول ہی نہ ہو تو منظور کرنے کا نہ تو سوال پیدا ہوتا ہے نہ ہی الیکشن کمیشن اس کا مجاز ہے۔