وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کاشہداء کی فیملیز کیلئے پنشن میں چار گنااضافے اور بچوں کواچھے سکولوں میں مفت تعلیم دینے کا اعلان

لاہور (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پولیس لائن میں پولیس شہداء کی فیملیز اوربچوں سے ملاقات کی اور یوم شہدائے پولیس پر شہداء کی فیملیز سے یکجہتی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پولیس شہداء کے بچوں کے ساتھ محبت کا اظہار کیااوران کے سرپر دست شفقت رکھا۔پولیس شہداء کی فیملیزاوربچوں نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ سیلفیاں لیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بچوں کو اپنے پاس بلا کران کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پولیس شہداء کی فیملیز اوربچوں کولنچ پر مدعوکیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں 18سال قبل پولیس لائن آیا تھا اورآج دوسری بار پولیس لائن آیا ہوں۔میں نے اس وقت پولیسویلفیئر کے لئے جو اعلانات کیے تھے،شہباز شریف نے ان پر کوئی عمل نہیں کیا۔شہداء کی فیملیز کو جس کرب سے گزرنا پڑتا ہے اس کا اندازہ وہی کرسکتی ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نے صرف دکھاوے کا کام کیا اورٹوپی ڈرامہ کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے شہداء کی فیملیزکیلئے پنشن میں چار گنا اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی فیملیز کے بچوں کواچھے سکولوں میں مفت تعلیم دلائی جائے گی۔کانسٹیبل سے آئی جی تک ساری پولیس کو رسک الاؤنس دیں گے۔لیڈیز پولیس کے لئے علیحدہ پیکیج بنایا جائے گا۔جو اعلانات کیے ہیں ان پر عملدر آمد کیلئے اگلے ہفتے فالو اپ میٹنگ کال کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے تہواروں پر شہداء کے خاندانوں اوربچوں پر گزرتی ہے اس کا اندازہ نہیں کیاجاسکتا۔شہداء کی فیملیز اوربچوں کوعید پر خصوصی کیش پیکیج دیا جائے گا۔شہداء کی فیملیز اوربچوں کی تکالیف کو دل سے محسوس کرتا ہوں۔پولیس کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ اپنے ادارے کی عزت میں مزید اضافہ کرے۔انسپکٹرجنرل پولیس اورشہداء کی فیملیز کے بچوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب کے دوران لسبیلہ میں فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی،دیگر افسران اورپولیس شہداء کیلئے دعا کی گئی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پولیس لائن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی فیملیز کیلئے پنشن کو چار گناکیا جائے گا۔شہداء کی فیملی کے بچوں کو ایچی سن کالج اورگرائمر سکول جیسے اچھے اداروں میں مفت تعلیم دلائیں گے۔شہداء کے بچوں کے لئے مفت تعلیم،مفت یونیفارم یقینی بنانے کیلئے قانون ساز ی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پولیس کے لئے رسک الاؤنس بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل سے لیکر آئی جی تک تمام پولیس کوبقایا جات بھی ملیں گے۔یہ الاؤنس اس وقت سے بحال کریں گے جب میں نے اس کا اعلان کیا تھا۔ٹریفک وارڈنز کے ساتھ زیادتیاں ہوئی اورانہیں ایک وردی دی گئی۔میں ٹریفک وارڈنز کو 7وردیاں دوں گااوران کا الاؤنس بھی بحال کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کا کام صرف چالان کرنا نہیں بلکہ ٹریفک کا نظم و ضبط بہتر کرنا ہے۔پنجاب بھر میں 150پٹرولنگ پولیس پوسٹوں کو بحال کیا جارہاہے اورپٹرولنگ پولیس کیلئے نئی ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے گی۔پولیس کے ہسپتالوں کوبہتر بنائیں گے اورادویات بھی فری دیں گے۔