یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی،سولر پینل کی فراہمی کے منصوبوں کی بحالی کے مطالبے کی قرارداد جمع

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ(ن) نے 100یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی اور سولر پینل فراہمی کے منصوبوں کو بحال کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی۔مسلم لیگ (ن)کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے پنجاب میں 100یونٹ تک بجلی مفت دینے اوراس کے ساتھ مفت سولر پینل دینے کا بھی اعلان کیا تھا،الیکشن کمیشن کے حکم پر یہ منصوبہ17جولائی تک ملتوی کردیا گیا تھا،موجودہ حکومت کے قیام کو 10دن ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک مفت 100یونٹ بجلی فراہمی کے منصوبہ دوبارہ بحال نہیں ہوسکا۔ مطالبہ ہے کہ پنجاب کے مستحق عوام کیلئے 100یونٹ مفت بجلی اور مفت سولر پینل دینے کے منصوبے کو دوبارہ بحال کیا جائے۔