وزیر خارجہ بلاول بھٹو آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر کمبوڈیا روانہ

اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر کمبوڈیا روانہ ہو گئے۔ وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران جنوبی مشرقی ایشیاء کی تنظیم آسیان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے 29ویں آسیان علاقائی فورم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے، جو کمبوڈیا میں منعقد ہو رہا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو دورے کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ، کمبوڈین وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی کریں گے، آسیان علاقائی فورم اجلاس میں خطہ کی عمومی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وزارتی اجلاس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ پر گفتگو ہو گی۔ آسیان علاقائی فورم وزارتی اجلاس گزشتہ سال کورونا وباء کے باعث بذریعہ ویڈیو کانفرنس منعقد ہوا تھا۔