اسلام آباد (آن لائن) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات توانائی، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات رکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت باہمی دلچسپی کے دیگر مختلف پہلوؤں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ موجودہ دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح تک بڑھایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے بات چیت کرتے ہوے کیا جنہوں نے فنانس ڈویڑن میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو سرمایہ کاری کے ان ممکنہ شعبوں سے آگاہ کیا جہاں متحدہ عرب امارات سرمایہ کاری کر سکتا ہے اور یو اے ای کے سفیر کو مزید سہولت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر اقتصادی محاذوں پر دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے لیے خوش آئند جذبات کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور تعاون کا یقین دلایا۔
Load/Hide Comments



