غیر معمولی بارشوں میں سندھ حکومت کے نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں کا عوام کے درمیان رہ کر مسائل کے حل کی کوشش قابل ستائش ہے، بلاول بھٹو

کراچی (آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیر کو پی پی پی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو اوروزیراعلی ٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ پارٹی کے رہنماؤں نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔اس موقع پر پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں سندھ حکومت کے نمائندوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ میں بارشوں کے بعد کی صورت حال اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ غیر معمولی بارشوں کے دوران سندھ حکومت کے نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں کا عوام کے درمیان رہ کر مسائل کے حل کی کوشش قابل ستائش ہے، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے عوام کی مدد کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی پی عام آدمی کی جماعت ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔بلاول بھٹو سے ملاقات کرنے والوں میں پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، پی پی پی کراچی ڈویڑن کے صدر سعید غنی، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی ٰوہاب، واٹر بورڈ کے وائس چیئرمین نجمی عالم اوردیگر تنظیمی عہدیداران شامل تھے۔