پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین اسمبلی اور سابق وزرا ء تمام مراعات واپس کردیں، قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد(آن لائن) سینیٹ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جبکہ قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئینی اداروں کے خلاف توہین آمیز رویہ اختیار نہ کریں اور تحریک انصاف کے مستعفی اراکین اسمبلی اور سابق وزرا کو تمام مراعات واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سوموار کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر اعظم سواتی نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے 11اپریل کو اکھٹے استعفے دئیے تھے اور ڈپٹی سپیکر نے انہیں 13اپریل کو منظور کیا مگر اب ایمپورٹڈ حکومت 11اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرکے ان کی جگہ ضمنی انتخابات کروا رہی ہے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اپنی ساری عزت و توقیر کھو چکا ہے انہوں نے کہاکہ اگر انتخابات ہی کرانے ہیں تو پورے ملک میں کرائے جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر دو نمبر آدمی ہیں یہ ہمارے نامزد کردہ نہیں ہے پی ٹی آئی کسی صورت بھی اس پلانٹڈ آدمی کو قبول نہیں کرے گی اگر ہم نے الیکشن کی طرف جانا ہے تو پورے ملک میں انتخابات ہونے چاہیے صرف چند نشستوں پر انتخابات کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ یہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اور جلد ہی ان کا خاتمہ ہوگا جس پر قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ قومی اداروں کے بارے میں ایسی باتیں نہ کریں اگر تحریک انصاف کے اراکین نے واقعی استعفے دئیے ہیں تو ابھی تک پارلیمنٹ لاجز خالی نہیں کئے ہیں اسی طرح نہ تو قومی اسمبلی کی گاڑیاں واپس کی ہیں اور نہ ہی وزرا کالونی کے گھر خالی کئے ہیں انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف کے مقرر کردہ ہیں یہ نام سابق وزیر اعظم عمران خان کی مرضی سے دیا گیا تھا اگر مرضی کے فیصلہ نہ آئیں تو تنقید ضرور کریں اور تباہ کاریاں نہ کریں اگر تحریک انصاف کے اراکین نے واقعی استعفے دئیے ہیں تو تمام مراعات واپس کریں۔