حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، مولانا فضل الرحما ن

پشاور(آن لائن) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کر دیا ہے، جس دلدل میں ہمیں پھنسایا گیا اس سے نکلنا آسان نہیں، پی ٹی آئی حکومت ایسے معاہدے کر کے گئی کہ ملک کوگروی رکھ دیا، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ہم سب کو آج ملک کیلئے سوچنا ہو گا،عدم اعتماد سے قبل پی ڈی ایم کے اعلامیے میں نواز شریف کی مرضی بھی شامل تھی۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدم اعتماد سے قبل ایک رائے تھی کہ نئے انتخابات کرائے جائیں اور نواز شریف نے اب اسی رائے سے متعلق بیان دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ایسے معاہدے کر کے گئی کہ ملک کو گروی رکھ دیا ہے اور جس دلدل میں ہمیں پھنسایا گیا اس سے نکلنا آسان نہیں،سی پیک ایک پیکج ہے جس میں سڑک، ریلوے لائن اور پاورسیکٹرز شامل ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے واضح طور پر کہا کہ لیکن حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، جن لوگوں نے ملکی معیشت کو ڈبویا ہے دوبارہ ان پر اعتماد نہیں کرنا چاہئے، پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ملک کو تباہ کرنے کے مترادف ہے، وزارت خزانہ، پیٹرولیم اور وزارت توانائی کے محکمے پیر یا منگل کو حکمران اتحاد کو بریفنگ دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جن کے استعفے منظور ہو گئے ہیں وہاں ضمنی الیکشن ہوگا، 2018 میں جو رنر اپ تھے وہی ہمارے امیدوار ہوں گے۔