اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف کے خصوصی احکامات کی روشنی میں راول ڈیم انٹرچینج منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔تفصیل کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپریل میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد دوسرے روز راول ڈیم انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کی تعمیر میں تاخیر پر اظہار برہمی کیا اور موقع پر موجود حکام کو 6 ماہ کے اندر منصوبے کو ہر حالت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں تھیں،سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی توجہ کے باعث انٹرچینج منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے،انٹرچینج کے دونوں ریمپس پر فلنگ کا کام کیا جاچکا ہے جبکہ اعلیٰ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لئے حالیہ غیر معمولی بارشوں کے اثرات کو ختم کرنے کے لئے مزید کمپیکشن کے احکامات کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ شعبوں کو جاری کردئیے گئے ہیں جس سے تعمیراتی کاموں پر بارش کے غیر معمولی اثرات نہ ہونے کے برابر مرتب ہونگے۔مزیدبرآں بارشوں کے اثرات کو ختم کرنے کے لئے دانے دار مواد (Granular Material) کا بھی استعمال کیا جارہا ہے تاکہ تعمیراتی کام کسی بھی طرح بارشوں سے اثر انداز نہ ہوں۔سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کام کے اعلیٰ معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
Load/Hide Comments



