مشعال ملک کا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط،اپنے شوہر یاسین ملک کی فوری رہائی کی اپیل

اسلام آباد (آن لائن) ”پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن“ (پی سی او) کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں ان پر زور دیا ہے کہ وہ انکے شوہر اور کشمیری حریت رہنما محمد یاسین کو فوری رہا کر کے ان کی خرابی صحت کے حوالے سے بڑائی اور انصاف پسندی کا جذبہ دکھائیں۔مشعال نے لکھا کہ برسوں کی قید، اذیتوں اور متعدد بیماریوں کی وجہ سے ان کی صحت کی تیزی سے بگڑتی ہوئی حالت کیوجہ سے یاسین ملک کو دہلی کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ میرے شوہر نے عدالت کو مطلع کیا تھا کہ انہوں نے ریاست بھارت کو ایک عرضی بھیجی تھی جس میں عدالتی ٹرائلز میں انہیں ذاتی طور پر پیش کرنے اور منصفانہ ٹرائل کی درخواست کی گئی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کی درخواست پر غور نہیں کیا گیا لہذا بھارتی حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہ ملنے کی وجہ سے ان کے پاس کوئی قانونی چارہ نہیں رہ گیا اور انہوں نے بالآخر 22 جولائی 2022 سے بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا۔مشعال نے خط میں لکھا کہ میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اس معاملے میں فوری طور پر ذاتی دلچسپی لیں اور یاسین ملک کی نازک صحت کی حالت کے تئیں بڑائی اور انصاف پسندی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ یاسین ملک تین دہائیوں سے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے تمام بین الاقوامی اصولوں، معاہدوں، جنیوا کنونشنز، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے دن رات جدوجہد کر رہے ہیں۔