اسلام آباد (آن لائن) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی، وسیع البنیاد اور کثیر جہتی تعلقات ہیں، ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں امریکی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر مسٹر ڈونلڈ بلوم سے گذشتہ روز فنانس ڈویژن میں ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں اکنامک کونسلر مسٹر ایرون فش مین، امریکی سفارت خانے کی ٹریژری اتاشی لاریٹا بولڈن بھی موجودتھیں۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور سینئر افسران نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسٹر ڈونلڈ بلوم کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی، وسیع البنیاد اور کثیر جہتی تعلقات ہیں۔وزیر خزانہ نے حکومت کے معاشی ایجنڈے اور پالیسیوں پر مزید روشنی ڈالی جس کا مقصد معاشی اور مالیاتی استحکام لانا اورپاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں امریکی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، موجودہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار دوست ماحول بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ مسٹر ڈونلڈ بلوم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔انہوں نے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور موجودہ حکومت کی امریکہ کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
Load/Hide Comments



