اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ انکی حکومت سی پیک منصوبوں کی تیز رفتار اور اعلیٰ معیار تکمیل کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔ وزیراعظم شہبازشریف سے چین کے سفیرنونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقا ت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں اور تعاون کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے 16 مئی 2022 کو چینی ہم منصب لی کیکیانگکے ساتھ ٹیلی فون کال میں اپنی جامع بات چیت کا حوالہ دیا اور پاکستان -چائنہ آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور مضبوط بنانیکے عزم کا اظہارکیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین بہترین دوست، مضبوط ترین شراکت دار اور آئرن برادرز ہیں۔ دونوں ممالک ہر چیلنج میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے اور بنیادی دلچسپی کے اہم امور پر تعاون کو فروغ دیا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ترقی کے لیے چین کی حمایت کو سراہا، جس میں ابھرتے ہوئے اقتصادی چیلنجوں اور عالمی سپلائی چینز اور اشیاء میں اتار چڑھاؤ سے پیدا ہونے والے مسائل نمٹنے کے لیے تعاون شامل ہے۔وزیر اعظم نے اس عزم کا ا اظہار کیا کہ انکی حکومت سی پیک منصوبوں کی تیز رفتار اور اعلیٰ معیار تکمیل کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔ انہوں نے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں ML-1 اور کراچی سرکلر ریلوے KCR جیسے اہم منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ CPEC جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے آئندہ 11ویں اجلاس میں ان منصوبوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملک کی صنعتی ترقی میں چینی اداروں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعظم نے2021 میں پاکستان کی 3.6 بلین امریکی ڈالر کی ریکارڈ برآمدات کا حوالہ دیا. مزید براں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ چین کو پاکستانی برآمدات کے لیے مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ سے پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفر اللہ محمود اورجہانزیب خان نے بھی شرکت کی۔
Load/Hide Comments



