عوام انفرادی سطح پر ہیپاٹائٹس کے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں، وزیر اعظم کا پیغام

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 2030 تک ہیپاٹائٹس کو پاکستان سے ختم کرنے کے ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے مرض کی فوری تشخیص اور مریضوں کے علاج کے لیے سہولیات فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ہیپا ٹائٹس کے عالمی د ن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہر سال دنیا بھر میں ہیپاٹائیٹس کا عالمی دن اس جان لیوا مرض ہیپاٹائٹس بی،سی کے بارے آگاہی پھیلانے کیلئے منایا جاتا ہے. ہیپاٹائٹس ایک مہلک مرض ہے جس سے ہر سال دنیا بھر میں تقریبا دس لاکھ افراد لقمہ اجل بنتے ہیں۔ ایک حالیہ تخمینے کے مطابق ہر 13 بالغ پاکستانیوں میں سے ایک ہیپاٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا ہے اور 86 فیصد مریض اس بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود اس سے بیخبر رہتے ہیں۔ 90 لاکھ پاکستانیوں کا اس مرض میں مبتلا ہونا کسی خطرے سے کم نہیں، اگر ہم نے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے بروقت اقدامات اور آگاہی نہ پھیلائی تو اس کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ممکن ہے. انفرادی سطح پر اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کی آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی سطح پر ہر فرد تک ہیپاٹائٹس کے علاج اور ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی.یری عوام سے اپیل ہے کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کیلئے انفرادی سطح پر ہیپاٹائٹس کے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں، ویکسینشن کروائیں اور باقائدگی سے سکریننگ ٹیسٹ کروائیں. ہیپاٹائٹس کی آگاہی کے حوالے سے میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ اپنا کلیدی کردار ادا کریں. عوامی رابطہ مہم سے اس مرض کے خاتمے کیلئے انفرادی احتیاطی اقدامات کی آگاہی لوگوں تک پہنچائیں کیونکہ ملکِ پاکستان اور اسکے لوگوں کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے.مجھے پورا اعتماد ہے کہ ویکسینیشن، اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات کی بنیادی سطح پر فراہمی سے ہم اس مرض کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں کامیاب ہونگے. میں صحت کے نظام کے تمام مقامی اور بین الاقوامی شراکت داروں کو پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتا ہوں اور اس مرض کے خاتمے کیلئے شبانہ روز محنت کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کے اہلکاروں اور ڈاکٹرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں.