اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے قومی اسمبلی کی 75 سالہ تقریبات 11 تا 14 اگست تک منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حالیہ مون سون بارشوں سے ملک بھر میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔کمیٹی نے قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کو 3 اگست تک جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ اجلاس میں بلوچستان اور کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کے ایجنڈے، دورانیے اور قانون سازی پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کی 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا 75 سالہ تقریبات 11 اگست سے 14 اگست تک منائی جائیں گی۔اجلاس میں قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کو بروز بدھ 3 اگست 2022 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رواں اجلاس میں وقفہ سوالات، قانون سازی، توجہ دلاو نوٹس اور عوامی اہمیت کے حامل موضوعات کو زیر بحث لائے جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، مرتضیٰ جاوید عباسی، خالد حسین مگسی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے شرکت کی۔اجلاس میں تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments



