مختلف فرمز کیساتھ معاہدوں کے بعد کم از کم وقت میں نیلم جہلم پروجیکٹ کی بحالی کا کام مکمل کیا جا سکے گا،خر م دستگیر

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اَبی وسائل سید خورشید احمد شاہ، ؤفاقی وزیر پاور خرم دستگیر اور وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ کو قومی اسمبلی کمیٹی روم نمبر ۱ میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیلم جہلم بحالی پروجیکٹ پر بنائی گئی انٹر منسٹیریل کمیٹی کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔ بریفنگ میں وفاقی سیکرٹری آبی وسائل کاظم نیاز اور چیرمین واپڈا بھی شریک تھے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کی جلد ز جلد بحالی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں بحالی کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔ خورشید احمد شاہ نے کہا نیلم جہلم پراجیکٹ کی مکمل بحالی کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس کی خدمات سمیت تمام دیگر اقدامات فوری طور پر کئے جائیں تاکہ نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹی او آر اور دیگر ضروری کارروائی کے بعد پراجیکٹ کی بحالی کیلئے عملی اقدامات میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیر قانون نے بریفنگ کے بعد کہا کہ نیلم جہلم بحالی پروگرام کیلئے درست اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا بحالی کیلئے مختلف فرمز کے ساتھ معاہدوں کے بعد کم از کم وقت میں نیلم جہلم پروجیکٹ کی بحالی کا کام مکمل کیا جا سکے گا۔