محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی، متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری

لاہور (آن لائن)محکمہ موسمیات نے آج (بروز بدھ)سے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون ہوائیں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ 27 جولائی سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ملک میں داخل ہونے والی مون سون ہوائیں 27 سے31 جولائی کے دوران ملک بھر میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا باعث بنیں گی۔محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں سے راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔اس کے علاوہ شکر گڑھ، سیالکوٹ، نارووال، ایبٹ آباد،مانسہرہ، دیر،کرک،بنوں، لکی مروت، کشمیر، لورالائی،بارکھان،کوہلو، موسی خیل، شیرانی، سبی، بولان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔موسلادھار بارش کے باعث دریائے راوی، جہلم اور چناب کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی بھی توقع ہے۔اس کے علاوہ کشمیر،گلیات، مری،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ،ستور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران مزید محتاط رہیں۔