لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ انسانوں کی خریدوفروخت کرنے والے قوم کی قیادت کے اہل نہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو بند گلی میں دھکیلا، قوم سے معافی مانگیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے بھی بار بار انہی جماعتوں کو ملک پر مسلط کیا جن کے پاس ترقی و اصلاحات کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔نجات کا واحد راستہ اسلامی نظام ہے، اس کے بغیر فوجی آمروں کے تجربات بھی ناکام ہوئے اور اسٹیبلشمنٹ کی آشیرباد سے اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعتیں بھی فیل ہو گئیں۔ حکمرانوں کی اخلاقی ساکھ ختم، جھوٹ پر مبنی سیاست بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہے۔ خرابیوں اور بربادیوں کے ذمہ دار جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار ہیں جو پارٹیاں بدل بدل کر دولت کے بل بوتے پر ایوانوں میں آتے ہیں۔ طاقتور افراد کو کرپشن پر کوئی پوچھنے والا نہیں، افسوس کہ عدالتوں نے بھی لوٹ مار پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں ملوث افراد کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی، طاقتور اشرافیہ قانون کا مذاق اڑاتی ہے۔ عدالتوں کے فیصلوں سے لگتا ہے کہ حق اور ناحق کی بجائے فریقین کواکاموڈیٹ کیا جاتا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے عذاب نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں۔ معیشت تباہ، ڈالر کی پرواز جاری ہے۔ قومی معیشت کے فیصلے امریکا میں آئی ایم ایف کے بند کمروں میں ہوتے ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے ملک کو استعمار کی غلامی میں دھکیلا، یہی لوگ معاشرے میں گالم گلوچ کلچر کے فروغ کے ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چکدرہ دیرپائن میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر صوبہ کے پی نورالحق، امیر جماعت اسلامی ضلع مالاکنڈ مولانا جمال الدین اور سلطنت یار ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ مفادات کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ سیاسی بحران معیشت کی خرابی کی بنیادی وجہ ہے۔
Load/Hide Comments



