کراچی میں آج اتوار کے روز تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی

کراچی (آن لائن)محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اتوار کے روز تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ موسمیاتی تجزیہ کاروں نے بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے اور شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شہری بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق شہر میں آج بروز اتوار موسلا دھار بارش کاکیساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ مون سون سسٹم ہفتہ کی دوپہر راجستھان کے راستے سندھ میں داخل ہونا شروع ہو ا جس کی وجہ سے ہفتہ کو،کراچی میں ہلکی اورمعتدل بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم آج بروز اتوار صبح 10 بجے سے تیز اور موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اگر 2 سے3گھنٹے بارش رہی تو 100ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے جب کہ تیسرے اسپیل کے دوران 130 سے 150 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق بحیرہ عرب سے نمی ملنے پر زیریں سندھ میں بارشوں کی شدت زائد رہیگی۔دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کراچی میں بارش کے لئے24 سے 26 جولائی کو اہم دن قرار دیا اور کہا کہ کراچی میں کم از کم 50 اور زیادہ سے زیادہ 200 ملی میٹر بارش برس سکتی ہے جب کہ بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوسکتے ہیں لہٰذا شہری بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔