عمران سیاسی شکست کے بعد سپریم کورٹ کو سیاسی تنازعات میں ملوث کرتا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی سیاست میں مات کھاتا ہے تو سپریم کورٹ کو سیاسی تنازعات میں ملوث کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی پانامہ سے لے کر پنجاب کی وزارت اعلیٰ تک یہ ہی کھیل کھیل رہا ہے۔ عمران نیازی پہلے اداروں پر حملہ آور ہو کر پریشر ڈالتا ہے پھر ریلیف لینے کی کوشش کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک جن مخدوش معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے ان سے نمٹنے کے لئے گرینڈ نیشنل ریکوری کی ضرورت ہے جو سیاسیاستحکام کے بغیر ممکن نہیں۔عمران نیازی ممنوعہ فنڈنگ کے ذریعہ گرینڈ نیشنل انارکی پیدا کر رہا ہے۔ یہ وقت جاگتے رہنے کا اور ملک کو انتشار میں دھکیلنے کی سازش کو ناکام بنانے کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت میں بھی انتشار کی سیاست کر رہا تھا اب اپوزیشن میں ہے تو بھی سیاسی انتشار پیدا کر رہا ہے۔اس سے پہلے بھی سازشی دھرنوں کی سیاست کا موجد تھا۔کروڑوں ڈالر کی ممنوعہ فنڈنگ آخر مفت میں تو نہیں ملتی۔سوشل میڈیا کے ذریعہ 2016امریکی صدارتی الیکشن ہائی جیک ہوا۔ ویسا ہی کھیل!احسن اقبال نے مزید کہا کہ کل تک پوری عمران نیازی اور PTI چیخ چیخ کر کہتے تھے کہ عدلیہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے بارے میں رائے دینے کی مجاز نہیں تاہم آج وہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ کو مداخلت کرنے کی دعوت دینے عدلیہ پہنچ گئے ہیں۔