سپیکر نے ضمنی انتخابات کے 19نو منتخب ارکان سے حلف لیا

لاہور (آن لائن) سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلا س شروع ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی اراکین نے کے اجلاس میں شمولیت کر کے رواں اجلاس کی آئینی حیثیت کو تسلیم کر لیا ہے۔ ہم نے اس ایوان سے ایسی قانون سازی کی جس سے آئندہ نسلوں کو پتہ چلے کہ پاکستان کا مطلب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 22جولائی کو 4بجے ڈپٹی سپیکر کی زیرِ صدارت اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا۔قبل ازیں اجلاس میں سپیکر نے ضمنی انتخابات کے 19نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں تحریک انصاف کے حسن ملک، عرفان اللہ خان نیازی، علی افضل ساہی، میاں محمد اعظم، مہر محمد نواز، خرم شہزاد ورک، میاں محمد اکرم عثمان، شبیر احمد گجر، ملک ظہیر عباس، محمد غلام سرور، مخدوم زین حسین قریشی، محمد عامر اقبال شاہ، سردار محمد سیف الدین خان کھوسہ، قیصر عباس خان، محمد معظم علی خان اور آزاد رکن سید محمد رفیع الدین شامل تھے۔مسلم لیگ ن کے سبطین رضا، ملک اسد کھوکھر اور فدا حسین نے بھی حلف اٹھایا۔ بعدازاں صاحبزادہ سید سعید الحسن نے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کے کہنے پر ملکی سلامتی، ایوان میں دینی خدمات کے تسلسل اورپارٹی کے ساتھ وفاداری کیلئے دعا بھی کروائی۔اس موقع پر رکن اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت نے سارے منفی ہتھکنڈے آزما لئے مگر وہ پی ٹی آئی کے اراکین کو ہرانے میں ناکام ہوئی۔کل پرویز الٰہی وزیر اعلی منتخب ہوں گے۔ نومنتخب رکن زین قریشی نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کر گیارہ جماعتوں کے ٹولے کو شکست دی ہے۔ رکن اسمبلی ظہیر عباس کھوکھر نے کہا کہ عوام نے ہمیں صوبے کی خدمت کا موقع دیا۔