ضمنی الیکشن میں ہمارے بیانیے کو شکست نہیں ہوئی، خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ہمارے بیانیے کو شکست نہیں ہوئی، یہ سیٹیں پہلے ہی تحریک انصاف کے پاس تھیں، ضمنی انتخاب میں یہ ہماری کامیابی ہے، سیٹیں بھی ملیں اور ووٹ بھی بڑھے، ہم نے نہیں عمران خان نے کہا تھا پرویزالہی پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے اور عمران خان انہیں حکومت دے رہے ہیں، اپنی 178 سیٹیں قربان کر رہے ہیں،نئے چیئرمین نیب پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا جبکہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈالر پر دباؤ موجودہ سیاسی بحران کی وجہ سے ہے،تیل کی درآمدات میں کمی کے ثمرات اگلے مہینہ روپیہ مضبوط ہوجائے گا،اگلے60 دن کا ڈیزل اور فرنس آئل سٹاک موجود ہے، معیشت بالکل ٹھیک چل رہی ہے، حکومتی مدت پوری کرنے کے اعلان کے ساتھ ڈالر مارکیٹ میں ٹھہراؤ آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خواجہ آصف اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ آصف نے کہا کہ 17جولائی کے الیکشن کے بعد مختلف بیانات سامنے آرہے ہیں۔ پنجاب کی 20 سیٹوں میں سے ہم نے 5 سیٹیں حاصل کیں اور ضمنی الیکشن میں 2018 کے مقابلے میں ہم نے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔ یہ سیٹیں پہلے ہی تحریک انصاف کے پاس تھیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے انتہائی زبردست انداز میں انتخابی مہم چلائی اور یہ واحد الیکشن ہے جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ پی ٹی آئی اور آزاد ارکان کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں 5 پر کامیابی حاصل کی۔