لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملتان کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شوکت ملک، ملتان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی اور محمد نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلرز نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹیوں کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ نوجوان قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں انہیں اچھی تعلیم دینے کے ساتھ اخلاقیات کی تعلیم دینے کی بھی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہئے کہ وہ طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ ملک کے لیے ہمیشہ نیک نامی کا باعث بنیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں اعلیٰ اخلاق اور کردار سازی پر بہت زور دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ جامعات میں ماحولیات پر کی گئی تحقیق سے عملی طور پر فائدہ اٹھانے کے لئے تجاویز طلب کر لی ہیں اور اس حوالے سے جلد ایک کنسورشیم تشکیل دے دیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ عالمی رینکنگ میں پاکستانی یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اکیڈیمیہ کے انڈسٹریز کے ساتھ روابط مضبوط ہونے چاہئیں اس سے نہ صرف طلبہ کو ملازمت کے مواقع ملیں گے بلکہ یونیورسٹیوں میں کی گئی تحقیق سے انڈسٹری کو بھی فائدہ ہو گا۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیوں کے قلیل مدتی (Short Term) اور طویل مدتی (Long Term) پلان تیار کر کے شیئر کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی مدت ختم ہونے سے 6 ماہ قبل تعیناتی کا عمل شروع ہو چانا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وائس چانسلرز کی آسامیوں پر بروقت تقرری جامعات میں تعلیمی و انتظامی امور کو مؤثر طور پر چلانے کے لیے ضروری ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
Load/Hide Comments



