حیدرآباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اور سابقہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ امپورٹیڈ حکمران کہتے ہیں کہ ہمیں انتخابات کرانے کی جلدی نہیں کیونکہ جو انہیں لائے ہیں وہ ان سے خوش ہیں، انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں، انہوں نے مہنگائی کے نام کو مشکل فیصلے کا نام دیدیا ہے۔ وہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء سے خطاب کررہے تھے۔ اسد عمر نے کہاکہ 70 سال سے اس ملک میں روایت چلی آرہی ہے کہ بند کمروں میں مذاکرات ہوتے ہیں، انہیں بیرون ممالک سے آشیرباد ملتی ہے، اس وقت جو حکمرانی کررہے ہیں انہیں پتہ ہی نہیں کہ عوام کے ذریعے اقتدار میں کیسے آتے ہیں۔ اگر پاکستان میں اقتدار کا راستہ طاقتور طبقے اور بیرونی قوتوں کے ہاتھ میں ہوگا تو صحیح فیصلے نہیں کئے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ روپے کی قدر پہلے کبھی مہینوں میں کم ہوتی تھی اب روزانہ ہورہی ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باوجود روپے کی قدر گر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ حق صرف عوام کے پاس ہونا چاہئے کہ حکمرانی کس کو کرنی ہے، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ عوام کی مرضی کے برخلاف حکمرانی کرے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حالیہ کامیابی امپورٹیڈ حکمرانوں کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے۔
Load/Hide Comments



