رانا ثنا اللہ، حمزہ شہباز اور مریم اورنگزیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست عدالت عظمٰی میں دائر

اسلام آباد (آن لائن)پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ نے رانا ثنا اللہ، حمزہ شہباز اور مریم اورنگزیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست عدالت عظمٰی میں دائر کردی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے ہمارے 5 ایم پی ایز غائب کرنے کی دھمکی دی،رانا ثنا اللہ کا یہ بیان توہین عدالت ہے،سپریم کورٹ یکم جولائی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے الیکشن کا فیصلہ دے چکی ہے،حمزہ شہباز عدالت کو وزارت اعلیٰ کا الیکشن پرامن طور پر کرانے کی یقین دہانی کراچکے ہیں،رانا ثنااللہ کے بیان سے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران میں خوف و ہراس پیداکیاگیا،رانا ثنا اللہ عدالتی احکامات کی تعمیل میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں،ضمنی الیکشن میں ناکامی کے بعد متعلقہ فریقین اپنے ہوش و حواس کھ بیٹھے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رانا ثنااللہ، حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب کو عدالت میں طلب کرتے ہوئے تینوں ملزمان کیخلاف عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔