اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد میں اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں – جموں و کشمیر کے یوم الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا یہ دن 1947ء میں منظور کی گئی تاریخی قرارداد کی روشنمیں ریاستِ جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ایک حقیقت بنانے کیلئے منایا جاتا ہے-آج ہم بہادر کشمیری عوام کی تاریخی جہدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم دہراتے ہیں – انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم، تفریق اور ناانصافی کے باوجود کشمیریوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا- آج ہم جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں – ہم سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں – انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حق ِخودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا-عالمی برادری آرٹیکل 35 اے اور 370 معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کوختم کرائے-عالمی برادری جموں و کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کا نوٹس لے اور بھارت قابض فوج کو جوابدہ کرائے- انہوں نے کہا کہ کشمیری ہندوتوا بھارتی حکومت کے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں -جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی قراردادوں، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پرامن حل پر منحصر ہے-
Load/Hide Comments



