عمران خان سرٹیفائیڈ آئین شکن ہے، یہ شخص ملک میں انتشار خانہ جنگی فساد چاہتا ہے،مریم اورنگزیب

لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے ووٹر ز نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن)پر نواز شریف اور شہباز شریف کی خدمت پر اعتماد کیا ہے، عوام مسلم لیگ (ن) کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، مشکل فیصلوں کے باوجود ضمنی الیکشن میں چالیس فیصد ووٹ مسلم لیگ (ن) کو پڑا ہے۔عمران خان سرٹیفائیڈ آئین شکن ہے، یہ شخص ملک میں انتشار خانہ جنگی فساد چاہتا ہے لیکن اس سازش کو ناکام بنائیں گے، فارن فنڈنگ کیس میں کیوں آٹھ سال کی تاخیر ہوئی کیوں فیصلہ نہیں آیا، اسٹیٹ بینک کا ریکارڈ آج بھی وہی ہے جو آٹھ اسال پہلے جمع کرایاگیا، معاشی بارودی سرنگیں بچھائی، مہنگائی کا طوفان لایا، مافیاز کی حکومت کو مسلط کیا، اداروں کو مفلوج کیا،انہیں استعمال کرکے سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، آج اقتدار میں نہیں ہے تو اداروں کو گالی اور دھمکیاں دیتا ہے، موصوف پاکستان کو سری لنکا بنانے کا سارا بندوبست کر کے گئے تھے،کان کھول کر سن لو عام انتخابات تب ہوں گے جب حکومت اور الیکشن کمیشن چاہیے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن نشستوں پر ضمنی انتخاب ہو اوہ ساری تحریک انصاف کی تھیں اور مسلم لیگ (ن) نے ان میں سے 5نشستیں جیت لی ہیں،15پندرہ سیٹیں جیتنے کے باوجود ایک ایسا شخص جو دماغی مریض ہے وہ ملک میں سیاسی عدم استحکام، خانہ جنگی چاہتاہے ہر ادارے کو تباہ کرنا چاہتا ہے، یہ 3اپریل سے پہلے ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتا تھااور معاشی بارودی سرنگیں بچھا کر پوری تیاری کرکے گئے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے اور سری لنکا بن جائے۔