افغانوں کی معاشی مشکلات کم کرنا، پائیدار معیشت کے لیے بینکنگ آپریشنز فعال کرنا ناگزیر ہے،سیکرٹری خارجہ

اسلام آباد (آن لائن) سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے چینی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان یو ڑیاؤ وانگ نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں افغانستان کی سیاسی، سیکیورٹی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان، چین کی افغانستان کو انسانی امداد بارے بھی اہم امور زیر غور آئے، ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چین کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان یو ڑیاؤ وانگ نے وزارت خار جہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کی۔ سیکرٹری خارجہ نے پرامن، مستحکم، خوشحال افغانستان کے لیے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان کے غیر ملکی ذخائر کو غیر منجمد کرنے پر زور دیا۔سیکرٹری خارجہ کا کہناتھا کہ افغانوں کی معاشی مشکلات کم کرنا، پائیدار معیشت کے لیے بینکنگ آپریشنز فعال کرنا ناگزیر ہے۔افغانستان کو تعلیم نسواں، تحفظ انسانی حقوق، انسداد دہشتگردی بارے عالمی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پرامن، مستحکم، باربط افغانستان ہی علاقائی تجارت اور تعلقات میں وسعت کے لیے مرکزی کردار ادا کر سکتا ہے۔چینی خصوصی ایلچی نے اپنے اہم منصب معاون خصوصی محمد صادق سے بھی ملاقات کی۔افغان بدلتی صورتحال، انسانی امداد، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تجارت، راہداری اقدامات پر غور کیا گیا۔