امید ہے سابق چیئرمین نیب ہراسمنٹ کیس میں پی اے سی کے آئندہ اجلاس میں ضرور شرکت کرینگے،نور عالم خان

ڈیر ہ اسماعیل خان(آن لائن) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین نیب ہراسمنٹ کیس میں پہلے اجلاس میں نہیں آئے لیکن ہمیں امید ہے کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں وہ ضرور شرکت کرینگے، اگر وہ آئندہ اجلاس میں بھی نہیں آئے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور ان کو وارنٹ جاری کرکے بھی لایا جاسکتا ہے، طیبہ گل نے اس حوالے سے اپنے ثبوت کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے ہیں۔ مالم جبہ سمیت دیگر اہم کیسز کے حوالے سے انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنڈی ماڈل فارم میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم خان کنڈی سے ان کے ماموں، ممانی اور نواسی کی گیس لیکیج سانحہ میں وفات پر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر پٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم خان کنڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔ نور عالم خان کا کہنا تھا کہ طیبہ گل کے ہراسمنٹ سکینڈل کے حوالے سے اعظم خان، طاہر خان و دیگر کے نام بھی سامنے آئی ہیں، ان سے بھی انکوائری ہوگی۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آئین و قانون کے دائرہ میں رہ کر صاف شفاف تحقیقات کرے گی اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی-