ٹی ایل پی کے کار کنان کا فواد چوہدری کی گاڑی پر حملہ

لاہور(آن لائن ) پی پی 168 میں تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گاڑی پر حملہ کردیا۔فواد چوہدری پولنگ اسٹیشن نمبر 50 اور 51 پر دورہ کرنے کیلئے گئے تھے۔حملے کے باعث فواد چوہدری کی گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔تحریک لبیک کے کارکنان نے فواد چوہدری کی گاڑی پر جوتے بھی برسا دئیے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا ٹی ایل پی کارکنوں کی جانب سے ان کی گاڑی روکے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ہماری کوشش تھی کہ معاملہ پر امن ہو، ٹی ایل پی کارکنون نے گاڑی کو گھیرا اور پتھراؤ کیا۔ اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہیں، صورتحال خراب کرنے کے لیے ٹی ایل پی کو استعمال کیا جارہا ہے۔