بلال کاکا کے قتل میں دو نامزد ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے:شرجیل انعام میمن

کراچی(آن لائن) صوبائی اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلال کاکا کے قتل میں دو نامزد ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ چار ملزمان مفرور ہیں۔ قتل کے افسوسناک واقعہ کے بعد دوکانیں بندکروانے والے 28 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ واقعے پر 48 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر محنت سعید غنی، ایم این اے آغا رفیع اللہ، پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نائب صدر امان اللہ مسعود کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے واقعہ کا لسانیت سے کوئی واسطہ نہیں۔ صوبہ سندھ گلدستہ ہے اس میں سب پھولوں کی مانند ہیں،چندشرپسندعناصر ہیں جوحالات خراب کرناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوگڑبڑ کرواناچاہتے ہیں ان کے لئے پیغام ہے ہرصورت ان سے نمٹیں گے۔ قانون سب کے لئے برابر ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گذشتہ روز ان کی ایاز لطیف پلیجو اور شاہی سید سے بات ہوئی۔ صنعان قریشی نے بھی پریس کانفرنس کی۔ سب تنظیمیں امن کی خواہاں ہیں۔ تمام میڈیا اورسیاسی جماعتوں کابھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے سنجیدگی کامظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد واقعہ کا وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیا اور واضح کیا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔