لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی، قانونی معاملات اور ضمنی انتخاب بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود حمزہ شہباز کی جانب سے پنجاب میں غیر قانونی تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے، ضمنی الیکشن والے حلقوں میں حکومت پنجاب کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے، سپریم کورٹ کو حمزہ شہباز کے غیر قانونی اقدامات اور توہین عدالت کے مترادف کاموں پر از خود نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن روزانہ اپنی غیر جانبداری اور معصومیت کے اعلانات تو کر رہا ہے لیکن جب تک وہ اپنے روئیے اور عمل سے یہ بات ثابت نہیں کرتا کوئی اس پر یقین نہیں کرے گا، اگر الیکشن کمیشن کو اپنی عزت اور غیر جانبداری کا کچھ بھی پاس ہے تو وہ نیب اور انتظامیہ میں ہونے والی حالیہ غیرقانونی تبدیلیوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں فی الفور کالعدم قرار دے-
Load/Hide Comments



